خبرنامہ

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا عید میلا النبی ﷺ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

ملت نیوز..حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی ولادت باسعادت کے مو قع پر میں پوری ملتِ اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ مبارک دن اس دنیا کے لیے دکھوں سے نجات اور امن و آشتی کا پیغام لایا ، اب یہ فرزندان اسلام کا مقدس فریضہ ہے کہ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آفاقی تعلیمات کی روشنی میں اس کرۂ ارض کو جنت نظیر بنا دیں۔اس لیے ضروری ہے کہ
خطبۂ حجۃ الوداع کی روشنی میں رنگ و نسل اورعلاقائی و لسانی تعصبات سے نجات حاصل کرکے اپنی زندگی اور اللہ کی مخلوق کی زندگی میں خوشیاں بھر دیں تاکہ وطن عزیز، عالم اسلام اور پوری دنیا میں میانہ روی،اعتدال اور عدل کی عظیم روایات کا بول بالا اور شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکے۔اس سلسلے میں دنیا کو آج تعلیمات نبویﷺ سے روشناس کرانے کی پہلے سے کہیں بڑھ کر ضرورت ہے ۔
حضور اکرم اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اُسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر نہ صرف اپنی دنیا بلکہ آخرت بھی سنوارلیں۔ اس سلسلے میں مسلمانوں کا یہ اولیں فریضہ ہے کہ سیرت طیبہ ﷺ پر عمل کرتے ہوئے بھلائی اور خدمتِ خلق کے کاموں میں سبقت حاصل کریں اور ہر ایسے طرز عمل سے بچیں جس سے کسی کی جان، مال، عزت اور آبرو کوذرابرابر بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو کیونکہ سیرت طیبہﷺ کا سبق یہی ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ ہمیں نبی اکرم ﷺ کے اُسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطافرمائے اور وطنِ عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے جو ہمارا نصب العین ہے۔