خبرنامہ

عالمی اقتصادی فورم کا حکومت پاکستان کی جانب سے ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت ایک دن میں 15 لاکھ پودے لگانے کی مہم کی کامیابی کا اعتراف

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن)عالمی اقتصادی فورم نے حکومت پاکستان کی جانب سے ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت ایک دن میں 15 لاکھ پودے لگانے کی مہم کی کامیابی کا اعتراف کیا ہے جو کہ وزیراعظم عمران خان کی آئندہ پانچ سال میں 10 ارب پودے لگانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ عالمی اقتصادی فورم نے ٹویٹر پر ایک مختصر ویڈیو ڈاکومنٹری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے آئندہ پانچ سالوں کے دوران ملک بھر میں وسیع شجرکاری کے لئے 10 ارب پودے لگانے کی کوششوں کے سلسلے میں 2 ستمبر کو ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ کے عنوان سے ایک دن میں 15 لاکھ پودے لگانے کا ہدف باآسانی حاصل کیا ہے۔ پاکستان اس وقت جنگلات کی کمی کا شکار ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث رونما ہونے والی واقعات سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ موجودہ حکومت نے ان عوامل کے پیش نظر ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان کیا اور اپنے ابتدائی دنوں میں ہی محض ایک دن میں 15 لاکھ پودے لگا کر اس بھرپور مہم کا کامیاب آغاز کیا ہے۔ حکومت کی ان کوششوں کو سراہا جا رہا ہے اور عالمی اقتصادی فورم نے بھی ابتدائی مہم کی کامیابی کا اعتراف کیا ہے۔