خبرنامہ

عدالت عظمیٰ اخباری تراشوں پر نہیں ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلے دیتی ہے ‘ مائزہ حمید

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پارلیمانی سیکرٹری کیڈ و رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ اخباری تراشوں پر نہیں ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلے دیتی ہے ‘ وزیر اعظم نواز شریف کا نام پانامہ کیس میں نہیں ‘ اپنی بے گناہی کے تمام ثبوت سپریم کورٹ میں جمع کروائے ہیں ‘ وزیر اعظم کی طرح عمران خان اور ان کے ساتھی بھی اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی خواہشات کے مطابق الیکشن کروانے شروع کر دئیے تو روز الیکشن ہی ہوا کریں گے۔ دوبارہ الیکشن کرانے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ مسلم لیگ(ن) نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی کام کئے ہیں ۔ وزیر اعظم روز ایک فیتہ کاٹتے ہیں پورا یقین ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں بھی کارکردگی کی بناء پر کامیابی حاصل کریں گے۔ مائزہ حمید نے کہاکہ پانامہ کیس کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے۔ ہم عدلیہ کا احترام کرنے والے لوگ ہیں ۔ سپریم کورٹ ثبوتوں پر فیصلہ دیتی ہے۔ ہم نے عدالت عظمیٰ میں اپنی بے گناہی کے تمام ثبوت جمع کروائے ہیں جبکہ دوسری طرف صرف اخباری تراشے عدالت میں جمع کروائے گئے۔ وزیر اعظم کا نام پانامہ پیپرز میں نہیں تھا۔ پورا یقین ہے کہ عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہوں گے۔ انہو ں نے کہاکہ عمران خان اور جہانگیر خان ترین ریفرنسز کیس میں ٹیکنیکلز کے پیچھے چھپے رہے۔ عمران خان نے ا بھی تک اپنی منی لانڈرنگ کی ٹریل قوم کو نہیں بتائی جس طرح وزیر اعظم نواز شریف نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا اسی طرح عمران خان اور ان کے ساتھی بھی خو دکو احتسااب کیلئے پیش کریں تاکہ قوم کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ مائزہ حمید نے کہا کہ تحریک انصاف گالیاں دے کر اور پریشر ڈال کر عدالت عظمیٰ سے اپنی مرضی کا فیصلہ کرانا چاہتی ہے تاہم ایسا نہیں ہو گا۔ ۔۔۔(رانا228ار)