خبرنامہ

عمران خان الیکشن کمیشن سمیت تمام عدالتوں سے مفرور ہیں، مریم اورنگزیب

عمران خان الیکشن کمیشن سمیت تمام عدالتوں سے مفرور ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان الیکشن کمیشن سمیت تمام عدالتوں سے مفرور ہیں۔

احتساب عدالت کے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی نمائندے ملکی قوانین اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، مریم نواز والدہ کی علالت کے باوجود عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ کیپٹن (ر) صفدر پیشی کے لیے واپس آئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن سمیت تمام عدالتوں سے مفرور ہیں اور یہ نہیں ہو سکتا کہ 2 لوگوں کے لیے الگ سے قانون بنے۔

انہوں نے کہا کہ حسین اور حسن نواز پاکستان کے غیر رہائش پذیر شہری ہیں اور ان کے بھی دیگر شہریوں کی طرح حقوق ہیں۔

عمران خان نے 4 سال میں خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ جو کیا، عوام 2018 میں اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک دشمن عناصر کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور عوام ان کی اصلیت جان چکی ہے، عمران خان قانونی اور عوامی عدالت سے سزا کا انتظار کریں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنی چوری اور جرم کا اعتراف خود کر چکے ہیں، پارٹی فنڈنگ کے لیے جوا کس نے کھیلا، بنی گالا کا گھر کس جوئے کی رقم سے لیا، بھارتیوں اور یہودیوں سے پارٹی فنڈنگ کس نے لی یہ سب جواب عمران خان کو دینے ہیں۔