خبرنامہ

عمران خان جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، دانیال عزیز

اسلام آباد(ملت+آئی این پی )وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے الیکشن کمیشن میں پاناما لیکس کے حوالے سے اپنی نااہلی کی درخواستیں خارج کرنے کیلئے درخواست دائرکردی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو پاناما لیکس کے متعلق دائر درخواستیں سننے کا اختیار نہیں، کمیشن نے وزیر اعظم کی نااہلی کی درخواست سمیت عمران خان اور جہانگیرترین کی نااہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت 2 نومبرتک ملتوی کردی ۔پیر کو وزیراعظم نے اپنے وکیل سلمان بٹ کے ذریعے درخواست دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم کے خلاف دائر درخواستوں میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی گئی، اگلی سماعت پر الیکشن کمیشن وزیراعظم اوردیگرافرادکی جانب سے دائرہ اختیار سے متعلق اعتراضات پردلائل سنے گا۔دوسری طرف عمران خان کے وکیل حامد خان نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج نہیں کیا، ہم الزامات کاسامنا کرنے کو تیار ہیں۔اس موقع پر الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیرترین کی نااہلی سے متعلق درخواستوں پرسماعت بھی 2 نومبرتک ملتوی کردی گئی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کوشش کریں گے اعتراضات پر دلائل کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کریں۔دوسری طرف ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے رویے سے ظاہر ہوتا ہے وہ پاناما لیکس پرجواب نہیں دینا چاہتی، نوازشریف کی ہٹ دھرمی سے پاناما لیکس کا معاملہ التوا کا شکار ہے، چیف الیکشن کمشنرپاناما کے معاملے کو مزید طول نہ پکڑنے دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اورجہانگیر ترین کیخلاف پٹیشن کو بھی جلد نمٹایا جائے،وزیراعظم کے وکیل نے15 روز کے لیے عدم دستیابی کی اپیل کی،پاناما لیکس کے معاملے پر6 ماہ سے عوام کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ2008 کے انتخابات کی پٹیشن بھی اب تک زیرالتو ہے، انصاف نہیں ملتا تو نفرتیں پھیلتی ہیں، نواز شریف اخلاقی طور پر ملک کے وزیراعظم نہیں رہے،بیرون ملک سے فنڈنگ کا ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔اس کے جواب میں مسلم لیگی رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ سماعت کیلئے دو نومبر کی تاریخ پی ٹی آئی نے لی،پاناما پیپرز میں ثبوت کادعوی کیا گیا لیکن آج کسی نے اس پر بات نہیں کی،عمران خان جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، پر اپنے بارے میں جواب نہیں دے رہے،قلابازی خان کا پول کھل گیا، عوام جان گئے عمران خان مسٹر یوٹرن ہیں،چار بچوں کو سڑک پر لاکر لعن طعن نہ کریں ۔دانیال عزیز نے مزید کہا کہ عمران خان نے جھوٹ کی بنیاد پر ساری کہانی تیارکی،وہ لوگوں کو نیا پاکستان کا جھانسا دیا، انہوں نے جھوٹ ، فراڈ اور فریب کے ذریعے عوام کو گمراہ کررہے ہیں،عمران کو عدالت میں جھوٹا ثابت کریں گے