خبرنامہ

عمران خان پیالی میں طوفان اٹھا کرچلے جاتے ہیں، پرویز رشید

اسلام آباد/لاہور(ملت+آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان چائے کی پیالی میں طوفان اٹھا کر گھر چلے جاتے ہیں ، تحریک انصاف کا حال 30تاریخ کو وہی ہو گا جس طرح رائیونڈ مارچ میں تھا،ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے کہا ہے کہ ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ نوازشریف رائیونڈ مارچ کے دوران گھر سے باہر نہیں نکل سکیں گے ، پیپلزپارٹی کرپشن کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی کے پروگرام سے گفتگو کر رہے تھے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان ہر بار طوفان برپا کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن وقت اانے پر چائے کی پیالی میں طوفان اٹھا کر گھر چلے جاتے ہیں ۔30اکتوبر کو تحریک انصاف کوئی بڑا کام نہیں کرے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان رائیونڈ سے پہلے کہہ رہے تھے کہ نوازشریف گھر سے باہر نہیں نکل سکیں گے اور اب وہ کہہ رہے ہیں کہ 30اکتوبر کو اسلام آباد بند کر دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جو کرپشن کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں ان کے خلاف چندے کا مقدمہ چل رہا ہے جو اپنی پارٹی کے سینئر رہنما نے وہ قائم کیا ہے ، دھرنوں اور تختے الٹنے کے کلچر سے پاکستان میں جمہوریت سے محرومی آئے گی ۔ پرویز رشید نے کہا کہ نوازشریف پر لگائے گئے الزامات کا انہوں نے قومی اسمبلی میں جواب دیا اور تحریک انصاف کے ساتھ سپریم کورٹی جانے کا اختیار ہے ، سڑکوں پر آنے سے مسائل حل نہیں ہوتے ، پانامہ لیکس پر ایک بل ہم نے پیش کیا اور ایک اپوزیشن نے ، اب وہ پارلیمنٹ میں آئے تاکہ دونوں بلوں کو ملا کے ایک نظام بنائیں اور اگر پاکستان کے موجودہ نظام سے تحریک انصاف متفق ہے تو اپنے دستاویزات لے کر سپریم کورٹ یا کسی اور ادارے جائیں۔ترجمان تحریک انصاف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اگر پیپلزپارٹی کرپشن کے خاتمے کے بارے میں سنجیدہ ہوتی تو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی باقاعدہ طور پر اپنی کاروائی کا آغازتین سال پہلے کر چکی ہوتی کیونکہ اس کمیٹی کا چیئرمین خورشید شاہ ہے ۔ نعیم الحق نے کہا کہ رائیونڈ مارچ سے پہلے یہ کبھی نہیں کہا کہ نوازشریف گھر سے باہر نہیں نکل سکیں گے ، سپریم کورٹ میں نوازشریف کے خلاف جو پیٹیشن اس ہفتے آنے والی ہے اس سے ہماری جماعت یہ اندازہ لگا لے گی کہ اگر ہمارے مطالبات سنجیدہ لئے جارہے ہیں کہ نہیں۔