خبرنامہ

عوام نے الزامات کی سیاست رد کر دی؛ لیگی رہنماء

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) بلدیاتی انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد لیگی رہنماؤں نے ایک بار پھر تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر چلا دیئے۔ خیبر پختونخوا میں کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے عمران خان سے کرپٹ لوگوں کی فہرست سامنے لانے کا مطالبہ کر ڈالا۔ ترجمان وزیر اعظم مصدق ملک نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اربوں روپے کے ٹھیکے من پسند افراد کو دے دیئے گئے، کیا یہی نیا پاکستان ہے؟ کے پی میں میڈیا کا اربوں روپے کا ٹھیکہ فیصل جاوید نامی شحص کی کمپنی کو دیا گیا، یعنی خود ہی کمیٹی میں شامل ہو کر اپنے آپ کو ٹھیکہ دیا جا رہا ہے، کیا اس طرح کا نیا پاکستان بنایا جا رہا ہے؟ لیگی رہنماؤں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کرنا ان کا حق ہے لیکن کرپشن تو نہ کی جائے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اپنے لوگوں کی کرپشن بچانے کے لئے اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عمران خان کو پانچ جنوری تک کی مہلت دیدی ہے، کرپٹ لوگوں کی فہرست قوم کے سامنے لائی جائے، نہ بتایا گیا تو کے پی میں سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ لیگی رہنماؤں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں بلدیاتی الیکشن جیت کرن لیگ نے ثابت کیا کہ عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں۔