خبرنامہ

عید میلادالنبیؐ کا دن مبارک اور ملت اسلامیہ کیلئے اہمیت کا حامل ہے؛سردار یوسف

عید میلادالنبیؐ کا دن مبارک اور ملت اسلامیہ کیلئے اہمیت کا حامل ہے؛سردار یوسف
اسلام آباد؛(ملت آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب و ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عید میلادالنبیؐ کا دن مبارک اور ملت اسلامیہ کیلئے اہمیت کا حامل ہے ، یہ دن ہمیں اسوہ حسنہ کی روشنی میں زندگی بسر کرنے کا درس دیتا ہے ، سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد پیغمبر اسلامؐ سے نسبت اور محبت کا ثبوت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ’’اسلامی ریاست میں قومی قیادت کے رہنماء اصول تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں ‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی سیرت النبیﷺ کانفرنس میں اپنے خطبہ استقبالیہ کے دوران کیا۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے وزراء ، اراکین پارلیمان ، سفیروں ، کرغرستان کے مفتی اعظم ، مختلف ممالک سے سکالرز اور ادباء اور کانفرنس کے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ عید میلادالنبیؐ کا دن مبارک اور ملت اسلامیہ کیلئے اہمیت کا حامل ہے ، یہ دن ہمیں اسوہ حسنہ کی روشنی میں زندگی بسر کرنے کا درس دیتا ہے ۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حضورؐ کی تعلیمات کا فروغ اور احیاء وقت کا اہم تقاضا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ان تعلیمات کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہے اور ملک میں محافل کا انعقاد بھی اس سلسلے کی کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی کوشش ہے کہ ملک کے اندرونی حالات کے پیش نظر مذہبی رواداری ، عدم تشدد اور اتحاد و اتفاق پر مبنی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج وطن کو ان تعلیمات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ، بڑے بڑے مسائل کا حل افہام و تفہیم سے نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ہر سال سیرت النبیؐ کے حوالے سے کانفرنس منعقد کرتی ہے کل میلادالنبیؐ جمعتہ المبارک کو تھی اور علماء و مشائخ کی مصروفیات کی وجہ سے ہفتہ کو کانفرنس منعقد کی جارہی ہے ۔ گزشتہ سال لاہور میں کانفرنس کا انعقاد ہوا اور رواں سال یہاں وفاقی دارالحکومت میں کی جا رہی ہے۔ ان کانفرنسز کے انعقاد کا مقصد تعلیمات نبویؐ کا پرچار ہے جو ہر گوشہ حیات میں رہنمائی کا بڑا اور مؤثر ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا موضوع وطن عزیز میں قومی قیادت کے انتخاب میں عوام کی سہولت کے پیش نظر منتخب کیا گیا ہے جس سے عوام کی رہنمائی ہوگی کہ انکی قیادت میں کیا خوبیاں ہونی چاہئیں۔ تعلیمات نبویؐ سے آگاہی کے سلسلہ میں وزارت اپنا بھرپور کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال حضورؐ کے یوم ولادت کی نسبت سے بین الاقوامی سیرت کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ہی یہ ہے کہ آپؐ کی تعلیمات سے لوگوں کو روشناس کرایا جاسکے جنکی سیرت سے رہنمائی کا حکم قرآن پاک میں بھی موجود ہے ۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب و ہم آہنگی کی جانب سے کئے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کے شہید اوراق کو مناسب طریقہ سے تلف کرنے کیلئے ری سائیکلنگ پلانٹ لگایا گیا ہے جبکہ قرآن کی طباعت ، انٹر نیٹ پر توہین آمیز مواد روکنے کیلئے سیل کا قیام ، احترام رمضان قانون کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ترمیم ، جہیز کے حوالے سے قانون سازی ، اسلام آباد کی سطح پر نماز کلینڈر کی ترتیب اور ترغیب کے علاوہ حج آپریشن میں بہتری کے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزارت اپنی کارروائی کو ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر روزانہ اپ ڈیٹ کرتی ہے تاکہ عوام وزارت کی کارکردگی سے آگاہی حاصل کرسکیں۔