خبرنامہ

فضائی آلودگی کے مسئلہ پر وزارت توجہ دے رہی ہے،زاہد حامد

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ فضائی آلودگی کے مسئلہ پر وزارت توجہ دے رہی ہے‘ اسلام آباد میں پانچ ماہ قبل تین سٹیل ملز بند کی گئی تھیں‘ پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک ای پی اے) نے پانچ ماہ قبل ایکشن لیا تھا۔ اسلام آباد میں دو سٹیل ملز نے دوبارہ کام شروع کیا اور قواعد کی خلاف ورزی کی اور ای پی اے نے پولیس کی مدد مانگی جو اس کو فراہم کی گئی اور دونوں سٹیل ملز کو سیل کردیا ہے اور ڈسٹ مانیٹرنگ سسٹم کے قیام تک ان کو بند رکھا جائے گا۔ وہ جمعہ کو سینیٹ میں اسلام آباد میں سٹیل ملز کی جانب سے پھیلائے جانے والے فضائی آلودگی کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے ۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ پنجاب میں تیس سے چالیس ملیں بند کی گئی تھیں اب یہ ملیں رات کی تاریکی میں چلاتے ہیں جس کی وجہ سے جان لیوا آلودہ دھند شہروں اور رہائشی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے اسلام آباد میں اور دیگر جگہوں میں سٹیل ملز کو سیل کیا جائے آدھی رات کو چلاتے ہیں سرمایہ کاروں کا ٹولہ کہہ رہا ہے کہ آلودگی نہیں پھیلائی رہی ہیں اور بند ہیں کوئلے اور ٹائر اور پلاسٹک استعمال کرکے چلائی جاری ہیں اسلام آباد اور پنجاب میں چل رہی ہیں عدالت کے آرڈرز کی خلاف ورزی ہورہی ہے سنجیدہ مسئلہ ہے اور شہریوں کے لئے جان لیوا مسئلہ ہے اس پر توجہ دی جائے۔ (ن غ/ و خ)