خبرنامہ

قوم بہادر افواج کیساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہے،احسن اقبال

نارووال(ملت+ آئی این پی ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور سلامتی کے سلسلہ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہے ،دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے ملک کی طرف ہر پڑنے والی ہر بری آنکھ کو پھوڑ کررکھ دیا جائے گا، نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے میدان کربلا میں شجاعت و بہادری اور تسلیم و رضا کی تاریخ رقم کی ہے کہ جس کی مثال دنیا زمانہ کے بس میں نہیں۔آپؓ نے اپنے خون جگر سے شجر اسلام کی ایسی آبیاری فرمائی اور ابدی چراغ روشن کئے کہ جو قیامت تک اپنی ضوفشانیاں بکھیرتے رہیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مرکزی جامع مسجد شاہ جماعت میں منعقدہ ایک دینی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت اسلام کے ماتھے کا خوبصورت جھومر ہے اور آپؓ کی شہادت حرمت دین پرکٹ مرنے کا درس دیتی ہے ۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت امام عالیٰ امام حسینؓ کی سوچ و فکر کو عام کیا جائے اور نوجوان نسل کو آپؓ کی سیرت و کردار سے روشناس کروایا جائے۔حالیہ بھارتی کشیدگی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری جان و شان ہے اور اس کا دفاع ہمیں اپنی جانوں سے بھی عزیز ہے۔پاکستان ہمارے آباواجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے اوراس کی بنیادیوں میں پانی کی جگہ ہمارے ہزاروں شہیدوں غازیوں کا خون شامل ہے۔ملکی دفاع اور سلامتی کے سلسلہ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہے ۔دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے ملک کی طرف ہر پڑنے والی ہر بری آنکھ کو پھوڑ کررکھ دیا جائے گااس موقع پر سجادہ نشین کلی شریف پیر سید اظہر الحسن شاہ گیلانی ،پیر صاحب علی پورسیداں شریف پیر سید ذاکر حسین شاہ جماعتی ،پیر سید محفوظ الحسنین شاہ جماعتی ،پیر سید غلام رسول شیرازی ،سجادہ نشین دربار غوثیہ کوٹلی پلاٹ پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی کے علاوہ دیگر علماء و مشائخ اور عوام اہلسنت کی کثیرتعداد بھی موجود تھی۔