خبرنامہ

مالی سال 2017-18 کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ مالی سال 2017-18 کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں ، اعلیٰ ، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے، پا کستان اور امریکہ دیرینہ دوست ، پارٹنر اور سٹرٹیجک اتحادی ہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ معاشی تعلقات کو توسیع دینے کا خواہاں ہے، اصلاحات کے نتیجہ میں ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئی ہے ،امریکی سفارت خانہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے حوصلہ افزائی کریں۔بدھ کو امریکہ کے پاکستان میں سفیر ڈیوڈ ہیل نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی ،ملاقات میں تجارت کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال ، سرمایہ کاری اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان معاشی تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملک میں تجارت کو فروغ کے لئے عمل کو آسان بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دیرینہ دوست ، پارٹنر اور سٹرٹیجک اتحادی ہیں ۔ انہوں نے امریکی سفیر پر زوردیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ معاشی تعلقات کو توسیع دینے کا خواہاں ہے تاکہ ملازمتیں پیدا کی جاسکیں اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی مواقعوں سے استفادہ کیا جاسکے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ورلڈ بینک کی 2017 کی تجارت کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تجارت کے عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے چار درجے رینکنگ میں بہتری حاصل کی ہے اور اس حوالے سے بہتری ظاہر کرنے والے دس ممالک میں شامل ہو گئے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اصلاحات کے نتیجہ میں ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے امریکی سفیر پر زور دیا کہ وہ امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے حوصلہ افزائی کریں ۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کی سرمایہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2017-18 کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں اور اعلیٰ ، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہتر ہوئے ہیں اور مل کر کام کریں گے ۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں تجارت کے حوالے سے مواقعوں کا فائدہ اٹھانے کے لئے بھرپور حوصلہ افزائی کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے دوران طویل المدت ، وسیع ، دو طرفہ تعلقات ہیں جو دونوں ملکوں کے باہمی مفاد پر مشتمل ہیں ۔