خبرنامہ

محرم میں علماء مذہبی فریضہ ذمہ داری سے ادا کریں ،وزیر مملکت

حافظ آباد (ملت+آئی این پی) وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور ضلع کے پر امن ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے علماء سمیت معاشرے کے تمام سرکردہ افراد اپنا قومی، دینی و مذہبی فریضہ پوری ذمہ داری سے ادا کریں تاکہ شر پسند عناصر محرم الحرام کے دوران اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔امن و امان کے قیام کی بنیادی ذمہ داری جہاں پولیس اور دیگر حکومتی اداروں پر ہے تو وہیں عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ باہمی رواداری اور بھائی چارہ کی فضا کو فروغ دیتے ہوئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈی سی او محمد علی رندھاوا، ڈی پی او سردار غیاث گْل، سینئر ایڈ منسٹریٹرآفیسر اللہ دتہ وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر عمر فاروق وڑائچ، چودھری محمد بخش تارڑ، ملک گل نواز پھول اعوان و دیگر بھی شریک تھے۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور پاک فوج کی کاوشوں سے ملک میں امن کی فضا برقرار ہے۔ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت دہشت گردوں اور شر پسند عناصر کا کافی حد تک صفایا ہو چکا ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے پیش نظر اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہو گا تاکہ کوئی بھی شر پسند اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اجلاس میں ڈی سی محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کیلئے دفعہ 144کے تحت موٹر سائیکل ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش، شر انگیز تقریروں، نعروں اور عمارتوں کی چھتوں پر جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ جلوسوں، اْن کی گز رگاہوں اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ ضلعی اور تحصیل لیول پر قائم کنٹرول رومز کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کا مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ تمام متعلقہ محکموں کے اسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں۔ ڈی پی او سر دار غیاث گْل نے اجلاس میں بتایا کہ حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں دس محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوسوں کی تمام گزر گاہوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائیگا۔جبکہ جلوسوں میں آنے اور جانے کیلئے ایک ہی رستہ مختص کیا جائیگا جہاں واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے اور جامعہ تلاشی کے بعد ہی شرکاء4 جلوس میں شرکت کر سکیں گے۔