خبرنامہ

مشرقی پاکستان سے متعلق بیان بھارتی دہشتگردی کا ثبوت ہے

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ نریندر مودی کا سانحہ مشرقی پاکستان سے متعلق بیان، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اعترافی بیانات بھارتی دہشتگردی کے ثبوت ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی، اجیت دیول کے بیانات کا معاملہ یو این سیکریٹری جنرل کے ساتھ بار بار اٹھایا ہے، بھارتی دہشتگردی کا معاملہ عالمی برادری کے سامنے اٹھائیں گے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت سپریم کورٹ کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، کشمیر کی ڈیموگرافی میں تبدیلیاں لانے کی بھارتی کوششیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان واضح کر چکا کہ اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔