خبرنامہ

معاشی شرپسندوں کو کچھ نہیں ملے گا، ڈار

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکا کہنا ہے کہ بیرونی قوتوں کے ایجنٹ ملک کے خلاف سازش کررہے ہیں اورمعاشی شرپسندوں کو 2018 میں تو کیا 2023 میں بھی کچھ نہیں ملے گا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف قوم سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے، 2013 میں پاکستان کو دہشت گردی، توانائی ومعاشی بحران کا سامنا تھا، موجودہ حکومت نے معیشت، توانائی، تعلیم اورصحت کے میدان میں مثبت پیش رفت کی ہے، حکومت ہرکام چیک لسٹ کے ساتھ کررہی ہے، حکومت نے ہرشعبے میں بحران سے نمٹنے کے لئے روڈ میپ دیا ہے۔ معاشی صورت حال سے متعلق وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانی معیشت مثبت اندازمیں چل رہی ہے، عوام خود فیصلہ کرسکتے ہیں کہ 2013 میں معیشت کہاں تھی اورآج کہاں ہے، ملک میں جی ڈی پی بلند ترین سطح پرہے، ہم ٹیکس نیٹ بڑھا رہے ہیں، معاشی پیکیج کی وجہ سے پاکستان معاشی طورپرمستحکم ہوا ہے، پاکستان کا معاشی استحکام دنیا کے 22 مالیاتی ادارے تسلیم کرچکے ہیں، آج پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بڑی مارکیٹس میں شمار ہوتی ہے، آئندہ سال جون تک لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی، 2018 تک سسٹم میں 15 ہزار میگا واٹ بجلی آجائے گی لیکن ہمیں معیشت کے حوالے سے مزید فیصلے کرنے ہیں۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ کراچی کی روشنیاں واپس آرہی ہیں، کراچی آپریشن کے ثمرات سب کے سامنے ہیں، کراچی آپریشن پر ہم تمام اسٹیک ہولڈرکو ساتھ لے کرچلے، اس کے علاوہ وزیرستان آپریشن پر300 ارب روپے خرچ ہوئے، ہم کشکول لے کرکہیں نہیں گئے اورنا ہی ہم نے آپریشن کے لئے کسی سے بھیک مانگی۔