خبرنامہ

مقامی ادویہ سازاداروں کے لئے حکومت کی جانب سے رجسٹریشن میں آسانی اور دیگر سہولیات سے اس شعبہ کی برآمدات 23 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں ادویات کے برآمد کنندگان کی سہو لیات میں اضافہ کے لئے مزید اقدامات بھی کئےجارہےہیں،ڈریپ حکام

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) مقامی ادویہ ساز اداروں کے لئے حکومت کی جانب سے رجسٹریشن میں آسانی اور دیگر سہولیات کے نتیجے میں اس شعبہ کی برآمدات 23 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جبکہ ان میں اضافہ کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی(ڈریپ) کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت ادویات کے شعبہ کی برآمدات تقریباً 230ملین ڈالر ہیں جبکہ اس میں 2 ارب ڈالرز تک کمانے کی صلاحیت ہے۔ ڈریپ کے حکام نے بتایا کہ ڈریپ نے مقامی ادویات ساز اداروں کو سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کئے ہیں جو کہ دوسرے ممالک کو ادویات برآمد کر رہے ہیں ۔ ان اقدامات اور سہولیات میں تیزی سے رجسٹریشن، ایک سال میں ایک لاکھ ڈالرز کی برآمدات کرنے والوں کی رجسٹریشن میں آسانی اور برآمدات کی غرض سے ریگولیٹری دستاویزات کا اجراء شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادویات ساز اداروں میں بڑی صلاحیتیں پائی جاتی ہیں اور ملک کو اس کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے جس کے لئے ادویات اور آلٹر نیٹو ادویات کی برآمدات میں بہتری لا کر زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں پاکستانی مشنز کے ساتھ کام کرتے ہوئے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے صحت عامر محمود کیانی نے ادویات کے بر آمد کنندگان کو مزید سہولیات کی فراہمی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈریپ معیاری ادویات کو موثر اور محفوظ بنانے کو یقینی بنانا چاہتا ہے اورقانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے صنعت کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔