خبرنامہ

موٹروے اور اقتصادی راہداری ایٹمی دھماکے سے کم نہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موٹروے کی تعمیر، ایٹمی دھماکے اور اقتصادی راہداری منصوبہ کسی انقلاب سے کم نہیں، نواز شریف حکومت کے علاوہ کسی نے ایسے انقلابی اقدامات کیوں نہیں کئے ، الزام تراشی کرنے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، محمد نواز شریف عوام کے ووٹ سے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں، چور دروازے تلاش کرنے والے کبھی وزیراعظم نہیں بن سکیں گے ۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر اورتوانائی کے منصوبے عوامی خدمت کی دلیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہمیشہ ملک وقوم کی تعمیروترقی کا ایجنڈا آگے بڑھایا، قوم نے ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا، الزام تراشی کرنے والوں کو ناکامی ہوگی ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا بیان اس بات کا اعتراف ہے کہ وزیراعظم نے منصب کے تقاضے پورے کئے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بتائے کہ کیا صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوامی مینڈیٹ کے احترام کی مرہون منت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف عوام کے ووٹ سے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں، چور دروازے تلاش کرنے والے کبھی وزیراعظم نہیں بن سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام محمد نواز شریف کے ترقیاتی ایجنڈے کی بھرپور تائید کررہے ہیں۔