خبرنامہ

ناروے سے سرمایہ کاری بڑھائیں ‌گے،اسحاق ڈار کی ناروے سفیر سے گفتگو

اسلام آباد(ملت+آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ناروے کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، ناروے کے ساتھ معاشی تعلقات کے فروغ کیخواہاں ہیں ، ناروے کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ناروے کے سفیر نے ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کو ناروے کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ناروے پاکستان میں بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں شامل ہے اور سرمایہ کاری مزید بڑھانے کا خواہاں ہے ۔ پاکستان کے متعلقہ اداروں کے تعاون سے وہ ناروے کی مزید سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے ۔ وزیر خزانہ نے ناروے کے سفیر کو پاکستان میں ذمہ داری سنبھالنے پر خوش آمدید کہا۔ وزیر خزانہ نے ناروے کے سفیر کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور اس کو مزید وسیع اور بڑھانے کا خواہاں ہے ۔ وزیر خزانہ نے ناروے کے سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔