خبرنامہ

نہر سویز میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے انتظامات ہو گئے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق، بحیرہ احمر کی بندرگاہ پر اٹھارہ پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔ کپتان سمیت تمام پاکستانی ایم وی اکاز نامی جہاز پر سوار تھے۔ ترجمان کے مطابق، جہاز 13 اکتوبر کو سویز کے پانیوں میں داخل ہوا تاہم اس کو فنی خرابی اور تکنیکی لائسنس کی عدم تجدید کے باعث نہر سویز میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق، قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ جہاز کے کپتان سے مکمل رابطے میں ہے۔ ایک افسر نے جہاز کا دورہ بھی کیا اور عملے کی حالت کا معائنہ کیا ہے۔ جہاز کے مالکان کی جانب سے مرمتی کاموں کیلئے لایا گیا پاکستانی عملہ اپنے واجبات کی وصولیوں کے سلسلے میں مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق، پاکستانی سفارتخانے نے ان کی وطن واپسی کے لئے تمام انتظامات کر لئے ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ بحری جہاز کے عملے اور کپتان نے کرنا ہے۔