خبرنامہ

نیب راولپنڈی نے منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سابق عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائرکردیا

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو ( نیب) راولپنڈی نے منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سابق عہدیداروں کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں بد عنوانی کا ریفرنس دائر کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے سابق صدر منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی رانا غلام فرید، سابق نائب صدر/جنرل سیکرٹری منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی سید عامر حسین شاہ، جنرل سیکرٹری منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی مظہر حسین، سابق ایگزیکٹو ممبر /ممبر ڈویلپمنٹ کمیٹی منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی محمد اکرم اعوان، چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز سن شائن رئیل سٹیٹ مارکیٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ محمدارشد اور پراپرٹی ڈیلر خوش نواز کو اسلام آباد سے گرفتار کیا۔ مذکورہ ملزمان ملی بھگت سے پلاٹوں کی الاٹمنٹ، سوسائٹی کے فنڈز میں خرد برد اور ترقیاتی کاموں کے غیر قانونی ٹھیکے دے کرعوام کو بڑے پیمانے پردھوکہ دہی سے اربوں روپے کی لوٹ مار میں ملوث ہیں۔ سوسائٹی کی مذکورہ انتظامیہ کے خلاف نیب کو متعدد شکایات موصول ہوئیں ۔ انویسٹی گیشن کے دوران معلوم ہوا کہ سابق صدر منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی غلام فرید نے دیگر سے ملی بھگت کرکے سوسائٹی کے قواعد کے خلاف بغیر بولی کے میسرز نوید اسلم اینڈ ایسوسی ایٹس کو کنسلٹنسی سروسز کا ٹھیکہ دیا۔ سوسائٹی نے ممبران سے لاکھوں روپے وصول کئے ۔ ملزمان نے اس رقم سے سوسائٹی کیلئے ترقیاتی کاموں اور زمین کی خریداری کی بجائے اسے خرد برد کرلیاجبکہ مذکورہ ملزمان نے بغیر قرعہ اندازی کے غیر قانونی طریقے سے پلاٹ الاٹ کئے۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ رانا غلام فرید نے دیگر ملزمان سے مل کر لاکھوں روپے کے بوگس چیک وصول کرکے درجنوں فائلوں پر پلاٹوں کو ٹرانسفر کیاجبکہ بعض پلاٹوں کی ڈبل الاٹمنٹ بھی کی ۔ مذکورہ ملزمان نے جعلی اور بوگس دستاویزات پر مالکان کے علم میں لائے بغیر 94 ممبر شپ بھی منتقل کیں۔ مذکورہ شواہد کی بناء پر یہ ثابت ہوتا ہے کہ مذکورہ ملزمان نے بڑے پیمانے پر عوام کودھوکہ دہی سے لوٹا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہاکہ نیب چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں قانون پر مؤثر عملدرآمد اور پراسیکیوشن کے ذریعے بد عنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے جبکہ عوام کو برے اثرات سے آگاہی بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب فیس کی بجائے کیس پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بلاامتیاز احتساب پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب بد عنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر منظور شدہ سکیموں میں سرمایہ کاری کی روک تھام کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ صرف حکومت سے منظور شدہ بینکنگ سسٹم اور سرمایہ کار کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرے۔