خبرنامہ

نیب ملک سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھنکنے کیلئے پرعزم ہے، نیب نے اکتوبر2017ء سے ستمبر 2018ء کے دوران 440 بدعنوانی کےریفرنس دائرکئے، چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاویداقبال

اسلام آباد:(ملت آن لائن) قوی احتساب بیورو( نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھنکنے کیلئے پرعزم ہے، نیب نے اکتوبر2017ء سے ستمبر2018ء کے دوران 440 بدعنوانی کے ریفرنس دائر کئے ہیں جو کہ نمایاں کامیابی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، پلڈاٹ، مشال اور عالمی اقتصادی فورم جیسے اداروں نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی کوششوں کو سراہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ادارہ کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ایک کینسر ہے، نیب نے بدعنوانی کے بلا امتیاز خاتمے کیلئے احتساب سب کی پالیسی پرعمل کرتے ہوئے انسداد بدعنوانی کی جامع قومی حکمت عملی وضع کی ہے، نیب کو2017ء کے اس عرصہ کے مقابلہ میں2018ء میں دوگنا شکایات موصول ہوئی ہیں، یہ نیب کے افسران کی انتھک محنت اورکوشش کا نتیجہ ہے کیونکہ نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فریضہ سمجھ کر ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب ہر قسم کی بدعنوانی سے بلا امتیازآہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے اسلام آباد میں جدید فرانزک سائنس لیبارٹری استعمال کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیے کی سہولت موجود ہے جس سے انکوائریوں اور انویسٹی گیشن کی تحقیقات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔ جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے شکایت کی جانچ پڑتال، انکوائری، انویسٹی گیشن اور احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائرکرنے کیلئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے، نیب نے اکتوبر2017ء سے ستمبر2018ء کے دوران 440 بدعنوانی کے ریفرنس دائر کئے ہیں جو کہ نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش اورتجربے سے مستفید ہونے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جس میں ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر اور لیگل کونسل شامل ہے، اس سے نہ صرف نیب کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے بلکہ کوئی بھی فرد واحد نیب کی تحقیقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، پلڈاٹ، مشال اور عالمی اقتصادی فورم جیسے اداروں نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی کوششوں کو سراہا ہے، نیب نے نوجوان نسل کو بدعنوانی سے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ملک بھرکی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی ہیں، نیب کا یہ اقدام کامیاب رہا ہے اور اب ملک بھرمیں نوجوان نیب کی بدعنوانی کے خلاف مہم میں اپنا بھرپورکردار ادا کررہے ہیں۔