خبرنامہ

وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے پی ایس ڈی پی کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 4 ارب 66 کروڑ 77 لاکھ روپے جاری کر دیئے

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) وزارت منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طورپر اب تک 4 ارب 66کروڑ 77 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے 30 ارب 96 کروڑ کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے پشین اور خضدار میں وومن یونیورسٹیز کے کیمپسز کے لئے 8 کروڑ، سکھر میں آئی بی اے کی اپ گریڈیشن کے لئے 5 کروڑ 36 لاکھ، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور ڈیپارٹمنٹس کی بہتری کے لئے 4 کروڑ 60لاکھ، یونیورسٹی آف گجرات کے لئے 10کروڑ، پسماندہ علاقوں میں یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے 10 کروڑ، یونیورسٹی آف صوابی کے لئے 7کروڑ50 لاکھ، ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں سہولیات کی فراہمی کے لئے 8کروڑ، پی ایچ ڈی فیلو شپ پروگرام کے لئے 8کروڑ، انسانی ترقی کے وسائل کے لئے 10کروڑ 93 لاکھ، ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام کے لئے 16 کروڑ، پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے سب کیمپسز کے قیام کے لئے 20کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔