خبرنامہ

وزیراعظم جسے چاہیں آرمی چیف تعینات کردیں:صاحبزادہ طارق اللہ

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی )جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہاہے کہ وزیراعظم جسے چاہیں آرمی چیف تعینات کردیں،چاہتے ہیں سول ملٹری تعلقات خوشگوار رہیں،بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر جارحیت کر رہا ہے۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دورسنہری تھا،دہشتگردی کے خلاف آپریشن حکومت وقت اور مسلح افواج کی ذمہ داری تھا،جسے احسن طریقے سے پورا کیا گیا،امید ہے کراچی جلد مکمل طور پر روشنیوں کا شہر بنے گا۔صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہمودیگجرات فسادات کا ماسٹر مائنڈ تھا،مودی کی پاکستان مخالفت سوچ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،پاکستان پر امن ملک ہے،جنگ نہیں چاہتا لیکن ہمیں تنگ کیا گیا تو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔صاحبزادہ طارق اللہ نے کہاکہ حکومت وقت کو بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانا چاہیے،نئے آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کا اختیار ہے،جسے چاہیں تعینات کریں،چاہتے ہیں کہ سول ملٹری تعلقات خوشگوار رہیں۔(خ م+ار)