خبرنامہ

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا،پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے اور غریب عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے تاجر و صنعت کار برادری عمران خان کا بھرپور ساتھ دے گی، سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم منیر

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔ جمعہ کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے اور غریب عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے تاجر و صنعت کار برادری عمران خان کا بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں ثابت کردیا ہے کہ وہ ملک سے کرپشن کے خاتمے، نچلی سطح تک سہولیات کی فراہمی، تعلیم، صحت سمیت ملکی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو سمیت دیگر سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا بے حد ضروری ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے سے پاکستان کو بیرونی قرضوں سے نجات حاصل ہوگی اور وسائل کو صحیح طریقے سے بروئے کار لانے کے لئے تھنک ٹینک کا قیام مثبت اقدام ہے۔