خبرنامہ

وزیراعظم کا مردم شماری کا اعلان خوش آئند ہے: مریم

اسلام آباد:(ملت+آئی این پی) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی طرف سے مردم شماری کا اعلان خوش آئند ہے‘ مردم شماری ایک دورس اور اہم معاملہ ہے‘ حکومت بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں منصوبہ بندی کررہی ہے‘ ملک میں پائیدار ترقی یک حوالے سے یونٹس قائم کئے گئے ہیں‘ اہداف کے حصول میں سیاست نہیں ہونی چاہئے‘ پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے تمام اہداف حاصل کرلیں گے۔ وہ بدھ کو پائیدار ترقی کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وژن 2025 کے تحت حکومت نے اہداف مقرر کررکھے ہیں ہر شعبے کو اہداف کے حصول کے لئے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ وژن 2025 میں عالمی فریم ورک کے تحت بھی اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔ حکومت ماں اور بچے کی صحت کے مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ تسلیم کرتے ہیں کہ ملک میں آبادی بے ہنگم انداز سے بڑھ رہی ہے حکومت بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں منصوبہ بندی کررہی ہے۔ منصوبوں کی قدر اور ن گرانی پر ہر سال کروڑوں روپے خرچ ہوئے ہیں۔ ملک میں پائیدار ترقی کے حوالے سے یونٹس قائم کئے گئے ہیں ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاق صوبوں میں اہداف کے حصول کو یقینی بنا رہا ہے۔ ملک میں پہلی مرتبہ ضلعی سطح پر فنڈز کی فراہمی ترقیاتی اہداف سے منسلک کی گئی۔ انسانی ترقی کے اہداف بھی مقرر کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم کی طرف سے مردم شماری کا اعلان خوش آئند ہے مردم شماری ایک حساس اور اہم معاملہ ہے۔ گزشتہ تیس سال پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا۔ دہشت گردی کے باوجود قوم حوصلہ نہیں ہاری۔ تعلیم‘ صحت کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں پر عمل درآمد میں صوبوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ ملکی ترقی کے لئے اہداف کے حصول میں میڈیا بھی اہم کردار ادا کررہ اہے اہداف کے حصول ممیں سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ ہمیں دنیا کے ساتھ ساتھ اپنے وژن کو بھی آگے بڑھانا ہے پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے تمام اہداف حاصل کرلیں گے۔ (ن غ)