خبرنامہ

وزیراعظم کے بھارتی فورسز کی جارحیت کے تناظر میں اہم فیصلے

کوئی طاقت ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت سے نہیں روک سکتی، کوئی بیرونی طاقت پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی صلاحیت یا استعداد نہیں رکھتی، ہمارے پاس دنیا کی بہترین مسلح افواج ہیں، پوری قوم اپنی جری مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف
اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے لائن آف کنٹرول کے پار سے بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال جارحیت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے کئے ہیں جن کے تحت وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج) جمعہ اور قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آئندہ منگل کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو ہو گا۔ وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعہ کو طلب کیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال ایجنڈے میں سرفہرست ہو گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اپنے دورہ اور نیویارک میں سربراہان حکومت و مملکت، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ہونے والی تعمیری ملاقاتوں کے بعد پیدا ابھرنے والی صورتحال پر غور کریں گے تاکہ وزیراعظم کے دورہ کے فوائد کو تقویت دی جا سکے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے منگل کو اجلاس میں تمام وزراء اعلیٰ کو خصوصی دعوت دی گئی ہے تاکہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ پیدا ہونے والی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ ریاستی جبر و استبداد پر غور و خوض کیا جا سکے۔ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کسی بھی بیرونی یا داخلی خطرہ کے خلاف مادر وطن کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور خود مختاری کی پاسبانی کے قومی عزم کا اعادہ کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو بھی دہرایا جائے گا۔ وزیراعظم قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ کوئی طاقت ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت سے نہیں روک سکتی جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے جائز حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بیرونی طاقت پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی صلاحیت یا استعداد نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کی بہترین مسلح افواج ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سب سے بڑھ کر پوری قوم اپنی جری مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف کو سیکورٹی اداروں کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہ کیا جاتا رہا۔ قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر وزیراعظم آفس کو ایک جامع رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔