خبرنامہ

وزیر اعظم آزادکشمیر کی یوم تاسیس شایان شان انداز میں منانے کی ہدایات

مرکزی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن خصوصی طورپر شرکت کریں گے
مظفر آباد( ملت+آئی این پی ) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے روا ں سال آزادکشمیر کا یوم تاسیس روایتی طریقے سے ہٹ کر شایان شان انداز میں منانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن خصوصی طورپر شرکت کریں گے۔یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں پرچم کشائی صدر ریاست جبکہ ضلع مظفرآباد میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور دیگر ضلعی صدر مقامات پر منعقدہ تقاریب میں وزرائے کرام اور ممبران اسمبلی کریں گے۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کا 69واں یوم تاسیس 24اکتوبر 2016کو پورے تزک واحترام اور ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا جائیگا۔دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے کیا جائیگااور فجر کی نماز کے بعد آزادکشمیر کی تمام مساجد میں آزادجموں وکشمیرومملکت پاکستان کی خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیگی۔آزادکشمیر کی تمام اہم سرکاری عمارات پر آزادجموں و کشمیر کا پرچم لہرایا جائیگا۔یوم تاسیس کی مرکز ی تقریب آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی گراؤنڈ سٹی کیمپس مظفرآباد میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں صدر آزاجموں وکشمیر ،وزیرا عظم آزادکشمیر،وزراء کرام ،اراکین اسمبلی،سیکرٹری صاحبان،سربراہان محکمہ جات کے علاوہ معززین شہر بھی شرکت کریں گے۔اس سال یوم تاسیس کے موقع پر حکومت آزادکشمیر کی دعوت پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خصوصی طور پر مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔تقریب مقامی وقت کے مطابق 8:30منٹ پر شروع ہوگی اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر پرچم کشائی کریں گے۔اس موقع پر آزادکشمیر پولیس کے تمام کیڈرز کی ایک ایک پلاٹون اور آزادکشمیر سکاؤٹس کے دستے بھی قومی پرچم کو بینڈ کے بغیر سلامی دیں گے۔ بعد ازاں پولیس کا چاق وچوبند دستی صدر کو سلامی دے گااور صدر پریڈ کامعائنہ کریں گے۔تقریب میں پولیس ملازمین کو میڈلز بھی دئیے جائیں گے۔پرچم کشائی کی تقاریب تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر بھی منعقد ہونگی ۔ضلع مظفرآباد میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں وزیرا عظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان پرچم کشائی کریں گے، ضلع پونچھ میں ممبر اسمبلی خان بہادر خان،ڈپٹی سپیکر فاروق احمدطاہر اور یاسین گلشن، ضلع کوٹلی میں وزیر قانون راجہ نثار احمد خان،ضلع بھمبر میں سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق،ضلع میرپور میں ممبر اسمبلی چوہدری سعید، ضلع پلندری میں وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی خان،ضلع حویلی میں وزیر تعمیر ات عامہ چوہدری محمد عزیز،ضلع باغ میں وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان،ضلع نیلم میں سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادرجبکہ ضلع ہٹیاں بالا میں وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی پرچم کشائی کریں گے