خبرنامہ

وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا معاملہ بہتر انداز میں پیش کیا، سینیٹر فرحت اللہ بابر

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا معاملہ دبنگ انداز میں پیش کیا ہے، بلوچستان کے عوام نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف احتجاج کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان میں رہنے والا ہر شخص ملک سے محبت کرتا ہے، پاکستان اور بھارت کو کشمیر سمیت تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جمہوریت 2030کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے جمہوریت بہت ضروری ہے تاہم جس جمہوری ادوار میں عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر سہولیات نہ دی جائیں تو میں اس کو ناکام جمہوریت سمجھتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیر کا معاملہ انتہائی بہتر انداز میں پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے صحت اور تعلیم کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی گئی ہے جس پر کسی نے بھی توجہ نہیں دی ہے ۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ چند دن قبل بلوچستان سمیت ملک بھر کے لوگوں نے بھارتی وزیر اعظم کے خلاف احتجاج کیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک کی حفاظت کے لئے ہم سب متحد ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہمارا موقف واضح اور سچا ہے جسیے دینا کو ماننا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو کشمیر اور پانی سمیت تمام معاملات کو بات چیت کے زریعے حل کرنا چاہیئے ۔فرحت بابر نے کہا کہ جمہوری دور میں ٖضلعی حکومتوں کو بھی بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔