خبرنامہ

وزیر اعظم کل ترکمانستان روانہ ہوں گے

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف ترکمانستان کے صدر کی دعوت پر آج جمعہ کو دو روزہ دورہ پر ترکمانستان روانہ ہوں گے۔ وہ پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے تحت اشک آباد میں ’’پائیدار ٹرانسپورٹ بارے پہلی عالمی کانفرنس‘‘ میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور ترکمانستان اس کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کر رہے ہیں جس میں کم و بیش 1500 شرکاء شریک ہوں گے جن میں سربراہان مملکت و حکومت، وزراء، نجی شعبے کے سی ای اوز، سول سوسائٹی کے رہنما اور اقوام متحدہ کے عہدیداران شامل ہیں۔ کانفرنس میں پائیدار ترقی کے لئے 2030ء ایجنڈا کے حصول کے حوالے سے پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ اور کردار پر بات چیت ہوگی۔ پاکستان مواصلاتی روابط استوار کر کے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بہتر رابطے کا خواہاں ہے۔ یہ روابط تجارتی و اقتصادی تعلقات، عوامی روابط اور سیاحت کے مواقع سے استفادہ کے لئے سازگار ہوں گے۔ پاکستان اور چین نے گوادر اور کراچی میں اپنی بندرگاہوں کو بہترین مواصلاتی رابطہ کی فراہمی کے لئے پاک چین اقتصادی راہداری کا آغاز کیا ہے۔ خشکی میں گھری ہوئی وسطی ایشیائی ریاستیں کراچی اور گوادر میں پاکستان کی بندرگاہوں تک رسائی کے لئے ریل اور شاہراتی ٹرانسپورٹ کے راستوں کو بروئے کار لا سکتی ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے دورہ کے دوران ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف سے بھی دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات ترکمانستان کے وزیراعظم کے 2015ء میں اور ترکمانستان کے صدر کے مارچ 2016ء میں پاکستان کے دوروں میں کئے گئے فیصلوں کا جائزہ لینے کا بھی موقع فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کی قیادت کو باہمی دلچسپی کے دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کا بھی موقع میسر آئے گا۔