خبرنامہ

وسط ایشیائی تجارتی معاہدے میں پاکستان کو مبصر کا درجہ: نواز شریف کا اظہار تشکر

اسلام آباد(ملت + آئی این پی )وزیراعظم محمد نوازشریف نے وسط ایشیائی تجارتی معاہدے میں پاکستان کو مبصر کا درجہ دینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور امریکہ دوطرفہ تجارت کی نئی راہیں تلاش کریں گے،امریکی حکومت نے پاکستان کو حقوق دانش کی واچ لسٹ سے ہٹا دیا ہے،ہم اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے شراکت داری کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔منگل کو یہاں وزیر اعظم نوازشریف سے پاکستان کیلئے امریکہ کے تجارتی نمائندے مائیکل فورمین نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم محمد نوازشریف نے وسط ایشیائی تجارتی معاہدے میں پاکستان کو مبصر کا درجہ دینے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ توقع ہے کہ تجارتی معاہدے کی کونسل کا اگلا اجلاس بارآور ہوگا،پاکستان اور امریکہ تجارت کی نئی راہیں تلاش کریں گے،امریکہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور اقتصادتعلقات کے فروغ کیلئے شراکت داری کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔نوازشریف نے کہا کہ باہمی تجارتی حجم میں اضافہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے،دوطرفہ تجارت کا حجم گذشتہ 5سال سے پانچ ارب ڈالر ہے حقوق دانش کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔امریکی حکومت نے پاکستان کو حقوق دانش کی واچ لسٹ سے ہٹا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کار ی سے منافع کمارہی ہیں،منافع بخش سرمایہ کاری پاکستان میں بڑھتے ہوئے مواقع کی نشاندہی کرتی ہے۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی نمائندے نے کہا کہ گذشتہ تین سال میں پاکستان میں امن و امان کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے،امن وامان کی بہتری تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے فائدہ مند ہے۔مائیکل فورمین نے کہا کہ مجموعی قومی پیداوار 4.7فیصد تک پہنچنا معا شی بحالی کی عکاس ہے،حکومت کی پائیدار پالیسیوں کی بدولت معیشت بہتر ہورہی ہے اسی طرح افراط زر میں کمی غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کی بڑی کامیابی ہے۔آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل ہونا موثر پالیسیوں کاثبوت ہے۔(