خبرنامہ

پاکستان تاجکستان کے ساتھ اپنے قدیم تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ اپنے قدیم تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام ان سے مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجکستان کے سفیر جونونوف شیرالی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز ان سے ملاقات کی۔وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف وسطی ایشیائی ممالک سے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں تاکہ علاقائی رابطوں کو فروغ دیا جا سکے اور معاشی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت اور اقدار سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ اس موقع پر تاجکستان کے سفیر نے ای سی او کے کامیاب انعقاد پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر تاجکستان کے صدر نے پاکستان میں مختلف پروگرام تشکیل دینے کے منصوبے کی منظوری بھی دیدی ہے۔