خبرنامہ

پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے:صدر

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، خطے میں امن اور ترقی کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بہت اہم ہیں، ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ایوان صدر میں ایک پر وقار تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین کوپاکستان میں تعینات ہونے والے سات ممالک کے سفیروں نے اپنی سفارتی اسنادپیش کیں۔اسناد سفارت پیش کرنے والوں میں یمن، کویت، رومانیہ، مالی، کولمبیا، موریطانیہ اور البانیہ کے سفیر شامل ہیں۔ اس سے قبل ہر ملک کے نامزد سفیر کوفردٍا فردا بگی پرایوان صدر کے مرکزی دروازے پر لایا گیاجہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ ملک اور پاکستانی قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ اس کے بعد تعینات سفیروں نے علیحدگی میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے ، خاص طور پر خطے میں امن اور ترقی کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بہت اہم ہیں۔انھوں نے کہا کہ خطے میں امن وا ستحکام کے لیے ہر ملک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے سرمایہ کاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔صدر مملکت نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ صدر مملکت نے پاکستان میں تعینات ہونے والے سفیروں کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ اسناد سفارت پیش کرنے والے سفیروں میں یمن کے سفیر محمد موتہر السابی، کویت کے نصر عبدالرحمن جاثر ال مہوتہری، رومانیہ کے نکولاگویا، مالی کے بوبکر گورو دیال، کولمبیا کے جوہان الفریڈو پینٹو سویڈرا، موریطانیہ کے سیدی محمد لگطاف اور البانیہ کے جینٹی گیزیلی شامل تھے۔