خبرنامہ

پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، محسن شاہ نواز رانجھا

پاکستان خطے

پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، محسن شاہ نواز رانجھا

اسلام آباد (ملت آن لائن) وزیرمملکت پارلیمانی امور محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور سرحدی خلاف ورزیوں سے باز آئے ، اس معاملہ پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کیوں خاموش ہیں ، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے دوران بھارت بار بار سرحدی خلاف ورزی کا مرتکب ہوتا رہا ہے، بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں کنٹرول لائن پر بے گناہ لوگ شہید ہو رہے ہیں ، عالمی برادری و اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل خاموش کیوں ہے، اقوام متحدہ کو دوہرا معیار ترک کرنا چاہئے۔ وزیرمملکت نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے بھارت کو یہ سوچنا چاہئے کہ سرحدی خلاف ورزی کی آگ کہیں بھڑک نہ جائے جس کی لپیٹ میں مودی سرکاری آجائے۔ محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ راؤ انوار کو قانون کا احترام کرتے ہوئے خود کو قانون کے حوالے کردینا چاہئے ، انہیں آئین وقانون نافذ کرنے والے اداروں کا احترام کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے کہا کہ عمران خان کسی اور کی زبان بول رہے ہیں، سابق وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا اب پاکستان بہتری کی طرف جارہا ہے، سی پیک منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ملک معاشی طور پر مزید ترقی کرے گا اورعوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
بھارت طاقت کے نشے میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، میاں منان
اسلام آباد، مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی میاں منان نے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے نشے میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت بار بار ایل او سی پر فائرنگ کررہا ہے، ہمیں بھارت کی طرف سے مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں پر مشاورت کرنی چاہئے اور اس حوالے سے 20کروڑ عوام کو بھی آگاہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں ہے ، ہمیں اس کا جواب آپس میں اتحاد سے دینا چاہئے۔