خبرنامہ

پاکستان میں تشدد، دہشتگردی اورانتہاء پسندی کا خاتمہ ہوگیا: سرتاج

اسلام آباد :(ملت+ اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان میں تشدد، دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کیلئے فیصلہ کن اور جامع اقدامات سے زمینی حقائق تیزی سے بہتری میں تبدیل ہوئے ہیں۔ برسلز سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو برسلز میں پاکستانی سفارتخانے اور یورپین انسٹیٹیوٹ آف ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں ہماری مسلح افواج کی قربانیوں، تمام بڑے شہروں میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں، مدرسہ اصلاحات اور فوجی عدالتوں کے ذریعے دہشتگردوں کو سزاؤں سے پاکستان دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے شکنجے سے نکل آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون اپنی سلامتی اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ قریبی تعلقات اور روس کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی جغرافیائی سٹریٹجک صورتحال کے تناظر میں نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی اقتصادی ترقی کیلئے اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔