خبرنامہ

پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بارہ سالہ لڑکے جنید احمد کی شہادت کے واقعے پر افسوس کا اظہار،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بارہ سالہ لڑکے جنید احمد کی شہادت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثا ل ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اپنا خودارادیت کا بنیادی حق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، بڑھتے ہوئے ظلم و ستم اورکشمیریوں کی نسل کشی عالمی برادری کیلئے تشویش کی بات ہونی چاہیے۔ترجمان نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں خون ریزی کا سلسلہ بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیری عوام کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی منصفانہ، آزادانہ اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔