خبرنامہ

پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے: عابد

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی)وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،پاکستان ناقابل تسخیر بن چکا ہے،ایل او سی پر ہمارے 3شہری شہید ہوتے ہیں تو بھارت کے 7,8فوجی مارے جاتے ہیں،بھارت نے جارحیت کا سلسلہ نہ روکا تو پہلے سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیرمملکت نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین فورسز میں ہوتا ہے،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنی مدت ملازمت میں پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے توجہ مرکوز کئے رکھی،آرمی چیف نے اپنے 3سالہ دور میں پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،پوری قوم ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔عابد شیر علی نے کہاکہ بھارت خوش فہمی میں نہ رہے۔ ہماری مسلح بہادر افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے،ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے،بھارتی جارحیت سے ہمارے 3شہری شہید ہوتے ہیں تو بھارت کے 7,8فوجی مارے جاتے ہیں،اگر بھارت آئندہ بھی جارحیت کرے گا تو اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا،ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بھارت سفارتی سطح پر تنہا ہورہا ہے۔(خ م+ع ع)