خبرنامہ

پاک بھارت میں جنگ مسئلہ کا حل نہیں، پاکستانی سفیر جلیل عباس

واشنگٹن(ملت+آئی این پی )امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں جنگ مسئلہ کا حل نہیں،مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہیے،دونوں ملکوں کو معاشی ترقی پر توجہ دینی چاہیے تاکہ لوگوں کی معیار زندگی کو بلند کیا جاسکے،وزیراعظم نوازشریف کی زیرقیادت موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے،تمام بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی کریڈیٹ ایجنسیز نے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کیا ہے ، پاکستان دنیا کی دس ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔وہ یہاں واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں تیسرے سالانہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں تیسرا سالانہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کنونشن منعقد ہوا جس میں امریکہ میں موجود پاکستانیوں کی اکثریت، سول سوسائٹی ممبران،کمیونٹی آرگنائزیشنز اور میڈیا نمائندوں سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ کنونشن میں وزیراعظم میاں نوازشریف کے جموں کشمیر پر نمائندہ خصوصی سینیٹر مشاہد حسین سید اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شزرا منصب علی خان کھرل نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر امریکہ میں موجود پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کنونشن میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کیلئے بہت اہم ہے ۔اس موقع پر امریکہ میں موجود پاکستانی سفیر نے کنونشن کے شرکاء کو پاکستان کی موجودہ صورتحال اور موجودہ حکومت کی شاندار کارکردگی پر بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی کریڈیٹ ایجنسیوں نے پاکستان کی مستحکم کااعتراف کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی 10ابھرتی مارکیٹوں میں سے ایک ہے،پاکستان میں جی ڈی پی کی شرح 5.5فیصد تک پہنچ گئی ۔اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں اور بہتر معیشت کو سراہا۔ امریکہ میں موجود پاکستانی سفیر نے غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ قرار دیا۔جلیل عباس جیلانی نے ہمسائیہ کے تعلقات بارے حکومتی پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے اور یہی میاں نوازشریف اور موجودہ حکومت کی پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور دہشتگردی پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی وجہ سے دہشتگردوں کی کمرتوڑ دی گئی ہے۔اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے شرکاء کی توجہ خطے کو درپیش چیلنجز اور ایل او سی پر بھارتی جارحانہ پالیسیوں کی طرف دلائی۔انہوں نے شرکاء کو پاک امریکہ تعلقات پر بھی بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم میاں نوازشریف کے جموں کشمیر نمائندہ برائے خصوصی سینیٹر مشاہد حسین سید اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شزرا منصب نے بھی شرکاء کو مسئلہ کشمیر پر حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔امریکی محکمہ خارجہ کے نمائندگان،سابق گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر عشرت حسین سمیت دیگر مقررین نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں میرے خیال کے مطابق دونوں ملکوں کے مسئلہ کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل مذاکرات سے حل کرنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کی طرف جانا کوئی آپشن نہیں۔