خبرنامہ

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت 2030ء تک 7 لاکھ سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، یو ژاؤمنگ

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت 2030ء تک 7 لاکھ سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے پاکستان میں بیروزگاری کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ برطانیہ میں چین کے سفیر لیو ژاؤ منگ نے سی پیک اور ایک خطہ ایک سڑک کے منصوبہ کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا اہم منصوبہ ہے جس سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک 62 ارب ڈالر مالیت کا منصوبہ ہے جس سے پاکستان میں اب تک 70 ہزار سے زائد مقامی افراد کو روزگار کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ 2030ء تک مقامی افرادی قوت کیلئے مزید 7 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 11 میگاواٹ سے زائد بجلی بھی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سڑک اور خطہ کے نظریہ کے تحت چین دنیا کے مختلف ممالک میں بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں پر 8 کھرب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے خطے کی معاشی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔