خبرنامہ

پا کستان گزشتہ 4 دہائیوں سے بحرانوں کی زد میں ہے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پا کستان گزشتہ 4 دہائیوں سے بحرانوں کی زد میں ہے،ہم نے علاقائی سیکیورٹی میں خرابیوں کا خمیازہ بھگتا ہے، عالمی برادری نے ہمیشہ زبانی جمع خرچ سے کام لیا ، ناکامیوں کوچھپانے کیلئے ہمیشہ لوگوں نے پاکستانیوں کوموردالزام ٹھہرایا،پاکستان نے ساڑھے تین سال میں اہم کامیابیاں حاصل کیں،متحد ہوکر بڑی سے بڑہی جنگ جیتی جاسکتی ہے ، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج، پولیس، سول آرمڈ فورسز نے بیش بہا قربانیاں دی جس سے دہشتگردی میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے۔وہ بدھ کو پاک برطانیہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 4 دہائیوں سے بحرانوں کی زد میں ہے،ہم نے علاقائی سیکیورٹی میں خرابیوں کا خمیازہ بھگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کیا مگر عالمی برادری نے ہمیشہ زبانی جمع خرچ سے کام لیا ، ناکامیوں کوچھپانے کیلئے ہمیشہ لوگوں نے پاکستانیوں کوموردالزام ٹھہرایا۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج، پولیس، سول آرمڈ فورسز نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جن کی بدولت آج دہشتگردی میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے۔ کوئی بھی جنگ جیتنے کیلئے مکمل اتحاد کی ضرورت ہوتی ہے، پاکستان نے ضرب عضب میں بہت کامیابیاں حاصل کیں ، انہوں نے کہا کہ مسائل کاصرف فوجی حل انتظامی وسیاسی مسائل دورنہیں کرسکتا، خطے میں عدم اعتمادی اور الزامات کے امن پر منفی نتائج ہونگے، پاکستان نے گزشتہ ساڑھے تین سال میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔(رڈ)