خبرنامہ

پوری قوم ایک طرف،عمران دوسری طرف منہ کرکے کھڑے ہیں،عابد شیر علی

تحریک انصاف بھی مائنس ون فارمولے پر عمل کرے،30 اکتوبر کو نریندر مودی کے یار کو خون خرابہ نہیں کرنے دینگے،لندن پلان ناکام ہوگا، اگر بلاو ل منافق ہے تو عمران کا نواز شریف کے پیچھے کھڑے ہوکر تالیاں بجانااور شیخ رشید کو گلے لگانا بھی منافقت نہیں تو اور کیا ہے؟ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کا بیان
راولپنڈی/ اسلام آباد( ملت+آئی این پی ) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جس طرح نریندرمودی اور عمران گٹھ جوڑ بے نقاب ہوا ہے اسی طرح لندن پلان بھی ناکام ہوگا،نواز شریف اقتدار میں نہ ہوتے تو شوکت خانم ہسپتال کا خواب کبھی پورا نہ ہوتا، نواز شریف کے پیچھے کھڑے ہوکر تالیاں بجانے والے عمران خان آج اقتدار کی ہوس میں مدہوش ہوئے جارہے ہیں ،انہیں ہوش کے ناخن لینا ہونگے کیونکہ اسلام آباد کو بند کرنے کا مطلب پاکستان کو بند کرنے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا،وفاقی وزیر کے ترجمان کے مطابق چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے بڑی جرات و بہادری سے مسئلہ کشمیر کا مقدمہ عالمی فورم پر لڑا ہے اور قوم میں اتحاد و یکجہتی کی نئی روح پھونکی ہے جبکہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف اگلے مورچوں کے دورے کرکے وطن کے محافظوں کے حوصلوں کو بڑھارہے ہیں،وطن کی سلامتی کیلئے پوری قوم متحد ہے،حکومت،اپوزیشن،پاک فوج اور پوری قوم ایک طرف کھڑی ہے جبکہ عمران خان دوسری طرف منہ کرکے کھڑے ہیں،منافقت کی انتہا ہوگئی ہے،سب جانتے ہیں کہ اسلام آباد کو بند کرنے کا مطلب پاکستان کو بند کرنے کے مترادف ہے ایسی حرکتیںیا مذموم سازشیں ناقابل برداشت ہونگیں ملکی دفاع و سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائیگی،انہوں نے کہا کہ اگر بلاول کا نواز شریف سے ہاتھ ملانا اور مسکرانا منافقت ہے تو عمران خان کا میاں نواز شریف کے پیچھے کھڑے ہوکر تالیاں بجانا اوربنی گالہ کے گھر بلاکر ملنا بھی منافقت ہے،انہوں نے پوری قوم کے سامنے کہا تھا کہ وہ شیخ رشید کو نوکر رکھنا بھی گوارہ نہیں کریں گے اسی شیخ رشید کو گلے لگانا اور شیخ رشید سے کانوں میں مشورے لینا بھی منافقت نہیں تو اور کیا ہے؟۔