خبرنامہ

پی ایس ڈی پی کے تحت میری ٹائم افیئر ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 41 کروڑ 45 لاکھ روپے جاری

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں میری ٹائم افیئر ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر اب تک 41 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے دوران 10 ارب 11 کروڑ 86 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے جی پی اے ہاؤسنگ کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کے لئے 14 کروڑ، سی پیک کے تحت ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے 2 کروڑ، پورٹ الائیڈ ملابینڈ ایریا کے لئے 16 کروڑ، بزنس کمپلیکس کے لئے 3 کروڑ، سی پیک سپورٹ یونٹ کے لئے 40 لاکھ روپے، سی پیک کے تحت برک واٹر کے لئے 3 کروڑ 88 لاکھ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔