خبرنامہ

پی ٹی آئی نے ایوان میں بدتمیزی کا مظاہرہ کیا: سعد

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کا ٹولہ گند اور شورو و غل ڈالنے آیا تھا۔ پی ٹی آئی نے بدتمیزی اور بدتہذیبی کا مظاہرہ کیا جو ان کا طرہ امتیاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ حکومتی ارکان کو بات کرنے کی اجازت نہیں، اپنی باری پر بات کرنے کی کوشش کی تو ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ پی ٹی آئی ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑیں۔ اگر آپ ایوان میں آئے ہیں تو بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں۔ پی ٹی آئی کا مطالبہ تھا کا پاناما معاملے پر کمیشن بننا چاہیے۔ اب جب کمیشن بننے جا رہا ہے تو بائیکاٹ کا کہا جا رہا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پناما پیپرز میں نواز شریف کا نام نہیں ہے لیکن اس کے باوجود وزیر اعظم نے پاکستان کے مفاد میں خود کو سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا۔ وزیر اعظم کی اسمبلی تقریر اور عدالتی بیان میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ نواز شریف صادق اور امین ہیں۔ وہ جھوٹ کی نہیں، اصولوں کی سیاست کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پناما معاملے پر کبھی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہیں کی، ایوان میں اگر پناما پر بحث کی جائے تو بھی ہمیں کوئی اعتراض نہیں، لیکن اپوزیشن ہی پناما پر بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔