خبرنامہ

پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی منزہ حسن ویمن پارلیمنٹری کاکس کی سیکرٹری جنرل منتخب

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی منزہ حسن کو ویمن پارلیمنٹری کاکس کی سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یقین دلایا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں موجود تمام خواتین ارکان کو مساوی حقوق دیں گے۔ منگل کو ویمن پارلیمانی کاکس کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کی جس میں خواتین ارکان پارلیمنٹ سمیت ویمن کاکس کی پیٹرن ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی منزہ حسن کو سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ایوان میں خواتین اراکین کو مساوی حقوق اور اختیارات دیئے جائیں گے اور قانون سازی کے عمل میں خواتین اراکین کی بھرپور شرکت ایک احسن اقدام ہے۔ سپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ قانونی سازی کے عمل میں خواتین اراکین پارلیمنٹ کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر قانون سازی کی جائے گی۔ بے سہارا اور مشقت کرنے والے بچوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کے پی کے کی حیثیت سے صوبے میں خواتین ارکان پر مشتمل ویمن کاکس نے قانون سازی اور خواتین کے تحفظ کے لئے انہوں نے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی منزہ حسن کو اتفاق رائے سے ویمن کاکس کی سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا۔ اجلاس سے نومنتخب سیکرٹری جنرل منزہ حسن، کاکس کی پیٹرن ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور سابق سیکرٹری شائستہ پرویز ملک نے بھی خطاب کیا۔