خبرنامہ

کبھی فرینڈلی اپوزیشن نہیں بنا؛ نثار

راولپنڈی: (ملت+اے پی پی) اپنے حلقۂ انتخاب چکری راجڑ میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہیلی کاپٹر پر کم سفر کرتے ہیں لیکن سڑک کی تعمیر کی وجہ سے استعمال کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حلقے کے مسائل سے آگاہ ہوں، اپنے حلقے کے لوگوں کی دل سے عزت کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں مشرف کی خواہش تھی کہ چودھری نثار اسمبلی تک نہ پہنچ پائے لیکن میرے حلقے کی عوام نے میرا بھرم رکھا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مودی سمیت کوئی بھی اسلام یا پاکستان کے خلاف بات کرے تو سب پہلے میں جواب دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب سیاست میں آیا تو میرا علاقہ سب سے زیادہ پسماندہ تھا لیکن آج یہاں کے لوگ اربوں پتی ہو گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کے خلاف بھی میں ہی آواز بلند کرتا ہوں، میں نے فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کیا، مخالفین کی غلط بیانی اور جھوٹ پر افسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاست میں آ کر کوئی فیکٹری نہیں لگائی اور نہ پیسہ کمایا۔