خبرنامہ

کے فور منصوبے کو مل کر مکمل کرنے پر سندھ اور وفاق میں اتفاق

کراچی:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کے فور کو سندھ اور وفاقی حکومتیں مل کر مکمل کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران پانی کے مسائل، تقسیم، چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس پر بات چیت ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں پانی کی بندش اور کے فور منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے کے فور منصوبے کا بجٹ بڑھانے کی درخواست کی ہے، شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کے فور کی اسکروٹنی کی تجویز دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیر التوا معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ٹیلی میٹر کے مسئلے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ 4 بجے گورنر کے پاس جا رہے ہیں، کے فور پر بریفنگ دیں گے۔ ٹاسک فورس کی تجویز دی ہے جس کے سربراہ وزیراعلیٰ ہوں گے، کمیٹی میں ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ بھی شامل ہوں گے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے لیے بری خبر ہے میں ان کی طرف آرہا ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ کسی صوبے کے آئینی اختیارات میں مداخلت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ پر میرے بہت سنجیدہ تحفظات ہیں۔ سیاست اپنی جگہ، غلط چیز پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ذاتی جھگڑا نہیں، سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا خوش آئند ہے۔ سندھ اور وفاق کا کراچی میں پانی چوری کے مسئلے پر اتفاق خوش آئند ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی سمجھوتے کے عملدر آمد پر ہم نے ہمیشہ بات کی ہے، بلوچستان کو تب پورا پانی ملے گا جب سکھر بیراج کی پوزیشن ٹھیک ہوگی۔ بھرپور کوشش ہوتی ہے بلوچ بھائیوں کو پورا پانی فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ تجویز پر سندھ حکومت کو کوئی اعتراض نہیں، کے فور منصوبہ سندھ اور وفاقی حکومت مل کر مکمل کریں گے۔

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ پانی چوری میں جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی کریں گے، واٹر بورڈ میں کسی کے خلاف کوئی ثبوت ہوا تو کارروائی کریں گے، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف روزانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔