خبرنامہ

گالی دینے اور لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والا کبھی لیڈر نہیں ہو سکتا: وزیر اعظم

کہوٹہ/نڑھ(ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ گالی دینے اور لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والا کبھی بھی لیڈر نہیں ہو سکتا،بلدیاتی انتخابات میں کسی امیدوار نے پگڑیاں اچھالنے والوں کا ٹکٹ نہیں لیا،پاکستان کی ترقی مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی،دھرنا دینے والے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں،خدمت کرتے کرتے 2018آجائیگا اور مخالفین دیکھتے ہی رہ جائیں گے،ترقی کا پہیہ روکنے والوں کو عوام نے ایک بار پھر مسترد کردیا،ہمارے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئیں ہیں،مخالفین کو ڈر ہے کہ (ن) لیگ دوبارہ آگئی تو وہ بوڑھے ہوچکے ہوں گے،ساڑھے تین سال کے دوران کوئی ایک منصوبہ پر بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا،بتائیں مجھے شاہد خاقان عباسی اور میں نے کیا جرم کیا تھا جس کی وجہ سے ہم 14ماہ جیل کاٹتے رہے۔ وہ جمعہ کویہاں کہوٹہ کے علاقے نڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔قبل ازیں جلسہ گاہ آمد پرکارکنوں نے وزیراعظم نوازشریف کا پرجوش نعروں سے استقبال کیا اور شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگائے۔وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی وزیراعظم کے ہمراہ تھے اور مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے نڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ علاقے کی روائت کے برعکس خواتین کی جلسے میں شرکت خوش آئند ہے،ہمارے مخالفین نہیں جانتے کہ ملک میں کتنے خوبصورت لوگ بستے ہیں،کوئی گالی دینے والا آپ کا لیڈر نہیں ہوسکتا،مسلسل جھوٹ بولنے والے بھی پاکستانیوں کا لیڈر نہیں ہوسکتا،پاکستان کے لوگ عزت کرتے ہیں اور عزت چاہتے ہیں۔نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام پگڑیاں اچھالنے والوں کو پسند نہیں کرتے،بلدیاتی انتخابات میں کسی امیدوار نے پگڑیاں اچھالنے والوں کا ٹکٹ نہیں لیا،پاکستان کی ترقی ہمارے مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی ہے،مخالفین کو معلوم ہے کہ کہوٹہ اور نڑھ میں بھی گیس آرہی ہے،مخالفین کو پتہ ہے کہ علاقے میں بجلی بھی آرہی ہے،دورویہ ایکسپریس وے بن رہی ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ اگر بنی ہے تو مسلم لیگ (ن) کے دور میں بنی ہے،پاکستان میں اقتصادی اور دفاعی ترقی مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئی ہے،پاکستان نے ایٹمی دھماکے مسلم لیگ ن کے دور میں کئے،دنیا میں کشمیر کی بات بھی صرف مسلم لیگ (ن) ہی کرتی ہے اور کشمیر کی بات ہر فورم پر ڈٹ کر کرتے رہیں گے۔نوازشریف نے کہا کہ ہم کسی مخالف سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں،کہوٹہ اور نڑھ کے عوام کا جذبہ قابل دید ہے،کہوٹہ اور نڑھ کا راستہ آسان بنانے کیلئے ٹنل بنائیں گے،خنجراب سے گوادر تک ہائی وے کی تعمیر شروع ہوچکی ہے،چینی مصنوعات پاکستان کے ذریعے یورپ تک پہنچائیں گے،اقتصادی راہداری منصوبے کے ساتھ ملک میں بجلی آرہی ہے،سڑکیں اور ملکی ترقی کیا صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی بنی ہیں،موٹروے صرف لاہور تک نہیں بلکہ اب کراچی تک جارہی ہے،کہوٹہ روڈ کو دورویہ کرنے کا کیا ہم سے پہلے کسی کو خیال آیا ہے؟۔مخالفین کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان دنیا میں دوبارہ بدترین ملک بن جائے،جب اس علاقے میں گیس آئے گی تو مبارکباد دینے آؤنگا،مجھے بتائیں!شاہد خاقان عباسی اور میں نے کیا جرم کیا تھا جو 14ماہ جیل کاٹی،خدمت کیلئے اللہ بار بار مسلم لیگ (ن) کو موقع دے رہا ہے،خدمت کرتے کرتے 2018آجائیگا اور مخالفین دیکھتے رہ جائیں گے،آؤ سب مل کر کام کریں تاکہ بے روزگاری کا خاتمہ اور خوشحالی آئے،ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے۔نوازشریف نے کہا کہ طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ اور اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں،نادار افراد کیلئے مفت علاج کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں،نادار افراد کا علاج کروانا حکومت کی ذمہ داری ہوگی،تین سال میں ریلوے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگئی ہے،حجاج کرام کو تکالیف کا سامنا تھا،آج وی آئی پی طریقے سے دیکھ بھال ہورہی ہے،ترقی کا پہیہ روکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،ترقی کا پہیہ روکنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے،ساڑھے تین سال کے دوران کوئی ایک منصوبے پر بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے راولپنڈی کہوٹہ روڈ کو ہائی وے بنانے اور تحصیل کہوٹہ،کلرسیداں کیلئے بجلی اور گیس کے منصوبوں کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہوٹہ اسپتال کو جدید اسپتال میں تبدیل کرنے،علاقے کے 12ہائی سکولوں کو ہائیر سکینڈری سکول کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ کہوٹہ میں بچیوں کیلئے کالج بھی بنانا چاہتے ہیں،سکولوں کی اپ گریڈیشن سے علاقہ ترقی کرے گا اور تعلیم عام ہوگی،کہوٹہ،کلرسیداں میں 100کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہمی کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی پروگراموں سے علاقے میں پسماندگی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا،علاقے کی خوبصورتی کیلئے پیش نظر سیاحتی مقامات کو تلاش کیا جائے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا پیسہ ملکی ترقی اور خوشحالی پر خرچ ہونا چاہیے۔خواہش ہے کہ نڑھ کو مری کی طرح سیاحتی مقام میں تبدیل کردیں۔وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ آپ پروگرام بنائیں منصوبوں کی تعمیر کیلئے میں فنڈذ کا انتظام کروں گا،ہمارے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں،مخالفین کو ڈر ہے کہ (ن) لیگ دوبارہ آگئی تو وہ بوڑھے ہوچکے ہوں گے۔