خبرنامہ

گزشتہ پانچ سال کے دوران گوادربندرگاہ پر99 بحری جہازلنگراندازہوئے،ابھی تک بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طورپرآپریشنلائزنہیں ہوا، ڈاکٹربابراعوان

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران گوادر بندرگاہ پر 99 بحری جہاز لنگر انداز ہوئے۔ ابھی تک بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر آپریشنلائزنہیں ہوا۔ جمعرات کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر عثمان کاکڑ کے سوال کے جواب میں وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ گوادر پورٹ پر 2013ء سے 2015ء تک صرف سرکاری کنٹینر اس پر آتے رہے ہیں اور اس کا بنیادی ڈھانچہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ 2013ء سے 2015ء تک آسٹریلیا کے 8، سعودی عرب کے 11، چین کے 42، کویت کے 11، مصر کے 12 اور یوکرائن کے 7 بحری جہاز گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئے۔