خبرنامہ

گیس منصوبہ: ترمیم کے لئے مسودہ ایران کو ارسال

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) حکومت کی طرف سے سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں گیس کی خریدوفروخت کے معاہدے میں ترمیم کے لئے ایک مسودہ حکومت ایران کو بھجوا دیا ہے‘ تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کے لئے اپنی سالانہ آمدنی کا دو فیصد حصہ اپنے لائسنس والے علاقوں کی ترقی پر خرچ کرنے کی کوئی شرط نہیں ہے‘ بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے قومی علماء مشائخ کونسل قائم کردی گئی ہے‘ دینی مدارس کے نصاب میں موجود نفرت انگیز مواد کے خاتمے کے لئے بھی نصاب کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے‘ خواتین کی حفاظت کے لئے مختلف قوانین بنائے گئے ہیں‘ ان قوانین پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا‘کہ بھارہ کہو ہاؤسنگ سکیم پر کام جلد شروع ہو جائے گا‘ متروکہ وقف املاک بورڈ میں سابق چیئرمین کی جانب سے تقرریوں میں اقلیتوں کے پانچ فیصد کوٹے کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا ‘جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے کہا کہ حکومتی سطح پر مختلف مذاہب کے تہوار بھی منائے جارہے ہیں تاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ علماء مشائخ کونسل میں تمام وفاقوں ‘ تمام مکاتب فکر اور صوبوں کی نمائندگی موجود ہے۔ مدارس کے نصاب سے نفرت انگیز مواد کو ہٹانے کے لئے بھی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی علماء و مشائخ کونسل کے زیر اہتمام سٹیئرنگ اور نصاب کی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے اور ان کمیٹیوں نے تجویز دی ہے کہ قومی سطح پر علماء بورڈ قائم کیا جائے۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے معاملے سے حکومت غافل نہیں ہے۔ متعلقہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے غیرت کے نام پر قتل اور جبری زیادتی جیسے جرائم کی روک تھام کے لئے بھی موثر قانون سازی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تمام تعصبات کے خاتمے کے کنونشن پر عملدرآمد وژن 2025ء اور خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن کے قیام جیسے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔ ایکشن پلان برائے انسانی حقوق کے تحت وزارت انسانی حقوق نے انسانی حقوق کی تعلیم اور شعور اجاگر کرنے کے لئے ایک مہم کا بھی آغاز کیا ہے۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے بھارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ پانچ ارب 83 کروڑ روپے تھا ‘ بھارہ کہو ہاؤسنگ پروجیکٹ 2009ء میں شروع ہوا تھا اور مختلف وجوہات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میسرز گرین ٹری کو ادائیگی کا معاملہ نیب کے تعاون سے حل ہو چکا ہے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے گرین ٹری کو نیب کے ذریعے 68 کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے تاکہ کام شروع ہو۔ نیب کی مداخلت سے گرین ٹری کے ساتھ زمین کی ترقی کے لئے بھی دستخط کردیئے گئے ہیں۔ توقع کی جاتی ہے کہ سکیم پر کام جلد شروع کردیا جائے گا اور اس میں مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے ایوان کو بتایا کہ یہ تقرریاں منظور کردہ تعداد سے زیادہ تھیں لہذا اس پر کارروائی کے لئے کیسز نیب اور ایف آئی اے کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔ جیسے ہی قواعد کے مطابق آسامیوں کی درست صورت سامنے آئے گی تو مستقبل میں اقلیتی کوٹے پر عمل کیا جائے گا۔تحریری جواب میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی طرف سے ایوان کو بتایا گیا کہ توسیعی شدہ مدت میں منصوبے پر عملدرآمد کے لئے اس معاہدے میں ترمیم کی ضرورت تھی۔ ایران نے کچھ دیگر ترامیم کے ساتھ بات چیت کے لئے حامی بھر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت میں طریقہ کار کے مطابق ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے فنڈز بھی مختص کردیئے جائیں گے۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال نے کہا کہ سرکاری شعبے کی تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر اپنے علاقوں کی فلاح و بہبود کے لئے رقم خرچ کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے او جی ڈی سی ایل نے 2008ء سے اب تک دو ارب 84 کروڑ روپے سے زائد اور پی پی ایل نے پانچ ارب 64 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے ہیں۔