اسلام آباد(ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ‘ جس دن بھارتی افواج نے کشمیر پر اپنی غاصب افواج اتار کر کشمیریوں کے حق آزادی کو سلب کیا ‘ آزاد کشمیر کے عوام نے ڈوگرہ راج کیخلاف بغاوت کر کے مسلح جدوجہد کے ذریعے آزاد کشمیر کو آزاد کرایا تھا اور مجاہدین سری نگر کو آزاد کرانے کیلئے محاصرہ کر چکے تھے لیکن بھارتی حکمرانوں نے الحاق کی جعلی دستاویز بنا کر کشمیر پر قبضہ کیا۔ کشمیری عوام 27 اکتوبر کو ہر سال یوم سیاہ مناتے ہیں ۔ وزارت امور کشمیر بھی اس موقع پر تقاریب منعقد کر رہی ہے جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ مظفر آباد میں و زیر اعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ یوم سیاہ کے بڑے جلسے سے خطاب کروں گا ،یوم سیاہ منا کر دنیا کو باور کراناچاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ بدھ کو وزیر امور کشمیر یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جائیگا۔ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوج کشی کی تھی۔ کشمیریوں کی خواہش کے خلاف کشمیریوں کی رائے کو دبا کر بھارت کے ساتھ شا مل کیا گیا۔ مجاہدین نے آزاد کشمیر آزاد کرایا جب مجاہدین سری نگر فتح کرنے کے قریب تھے تو 27 اکتوبر کو بھارت نے کشمیر میں فوجیں اتار دیں۔ اس روز سے آج تک بھار ت کشمیر میں اپنی افواج کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے اس وقت 7 لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر میں قابض ہیں۔ تقسیم برصغیر کے فارمولے کے تحت ریاست کشمیر کو پاکستان میں شامل ہونا تھا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا قبضہ برقرار رکھنے کیلئے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ یوم سیاہ منا کر دنیا کو باور کراناچاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ بھارتی افواج چھرے والی گنوں سے کشمیریوں کو اندھا کر رہی ہے۔ مظفر آباد میں بڑا جلسہ ہو گا۔ ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ 526 ریاستوں میں سے 3 ریاستوں کے مستقبل کا فیصلہ روکا گیا۔ جونا گڑھ اور حیدر آباد میں حکمران مسلمان تھے اور اکثریتی عوام غیر مسلم تھے وہاں بھارت نے کہا کہ عوام کی رائے کی بناء پر فیصلہ ہونا چاہیے جبکہ کشمیر میں اس اصولی کو نظر انداز کیا گیا۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے وزیر اعظم کے 22 رکنی وفد دنیا کو بھارتی ظلم و ستم سے آگاہ کرنے کیلئے دنیا کے مختلف ممالک کے دورے کر رہا ہے۔
خبرنامہ
ستائیس اکتوبر: بھارتی افواج نے آج کے دن کشمیریوںکی آزادی سلب کی
