خبرنامہ

قوم نوازشریف کیخلاف اقدامات کوانتخاب سے قبل دھاندلی تصور کرے گی، احسن اقبال

پاکستان کی شرح

قوم نوازشریف کیخلاف اقدامات کوانتخاب سے قبل دھاندلی تصور کرے گی، احسن اقبال

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید اقدامات کو قوم عام انتخابات سے قبل دھاندلی شمار کرے گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اداروں کے خلاف کسی قسم کا کوئی سازشی ایجنڈا نہیں تھا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پچھلے 5 سالوں میں پاکستان کو ہر لحاظ سے آگے لے گئے اور پوری دنیا پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف بھی کر رہی ہے، اب دوسری بار جمہوری عمل کے ذریعے انتقال اقتدار ہونے جا رہا ہے جو اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔احسن اقبال نے کہا کہ اداروں کے درمیان محاذ آرائی سے نقصان ملک کو ہوتا ہے، پارلیمنٹ کو بےوقعت کیا جا رہاہے جو انتہائی تشویش ناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کی سیاسی، عسکری اور عدالتی قیادت کا امتحان ہے اور ہم سب کو پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے دانشمندی سے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
ادارے آپس میں الجھ جائیں گے تو نظام مفلوج ہو گا، احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ تینوں ادارے آپس میں الجھ جائیں گے تو نظام مفلوج ہو گا، ہم سب کو مل کر ملک کو بحران سے بچانا ہے کیونکہ دشمن لابیز اوور ٹائم لگا کر سی پیک کو ناکام بنانے اور پاکستان کی معیشت کو روکنےکے لیے کام کر رہی ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے عدلیہ سے غیر مشروط معافی نہ ملنے کے حوالے سے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ توہین عدالت سے متعلق کیسز کا فیصلہ تو عدلیہ ہی کرے گی لیکن عدالتی فیصلے کے دو پہلو ہوتے ہیں، توہین تب ہوتی ہے جب فیصلے کو قبول نہ کیا جائے البتہ فیصلے کے میرٹ پر بحث کرنا اور تحفظات کا اظہار کرنا ہر کسی کا آئینی حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عدالتی فیصلے پر فوری عمل کیا اور عدالتی فیصلے کی سیاہی سوکھنے سے قبل ہی اقتدار سے علیحدہ ہو گئے۔ نواز شریف کی تقاریر پر پابندی لگائے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر عدالتی فیصلوں پر بحث کرنا توہین عدالت ہے تو پیپلز پارٹی آج تک ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے عدالتی فیصلے کو تسلیم نہیں کرتی، سپریم کورٹ کے مولوی تمیز الدین کیس اور نصرت بھٹو کیس فیصلوں پر بھی تنقید کی جاتی ہے تو کیا یہ سب توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر جتنا زیادہ جبر کیا جائے گا عوام میں ان کے لیے ہمدردی میں اتنا ہی اضافہ ہو گا اور اگر نواز شریف کی تقاریر پر پابندی عائد کی گئی تو اسے قوم اسے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ الیکشن سے قبل دھاندلی شمار کرے گی۔ الیکشن سے قبل نواز شریف کو احتساب عدالت سے سزا دلوانے کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے عوام بہت باشعور ہو گئے ہیں، ایک ایسے لیڈر کے ساتھ یہ عمل ہو رہا ہے جس نے پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا گیا، توانائی بحران پر قابو پایا اور ملک میں امن بحال کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف کوئی بیان نہیں دینا چاہتا لیکن ملک کو مزید محاذ آرائی اور پیچیدگی سے بچانا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک آگے بڑھے اور ترقی کرے۔
عدلیہ کی جانب سے منتخب عوامی نمائندوں کی جگ ہنسائی تشویشناک ہے، وزیر داخلہ
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی جانب سے منتخب عوامی نمائندوں کی جگ ہنسائی تشویشناک بات ہے اور اس معاملے پر تمام حکومت، اپوزیشن اور دیگر اداروں کو مل کر بات کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح عدلیہ کا ایک قانونی کردار ہے، اسی طرح پارلیمنٹ اور حکومت کا بھی آئینی کردار ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عدلیہ سمیت ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر کام کرے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بحران سے بچانے کے لیے اس وقت پاکستان کی سیاسی، عسکری، عدلیہ اور میڈیا سمیت سب کو قوم کے مستقبل کے لیے دانشمندی سے کام کرنا ہے۔