خبرنامہ

ہمیں اپنی ہزارہا سال پرانی تاریخ پر فخر محسوس کرنا چاہیے’احمد نواز سکھیرا

ہمیں اپنی ہزارہا سال پرانی تاریخ پر فخر محسوس کرنا چاہیے’احمد نواز سکھیرا
وفاقی سیکرٹیری اطلاعات و نشریات سردار احمد نواز سکھیرا کا لوک ورثہ میں ’’کرافٹ از نالج‘‘ پروگرام سے خطاب
اسلام آباد (اے پی پی،ملت آن لائن) لوک ورثہ میں پانچ روزہ ’’کرافٹ از نالج‘‘ پروگرام کے حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزارت اطلاعات و نشریات کے وفاقی سیکرٹیری سردار احمد نواز سکھیرا تھے۔وفاقی نظامت تعلیم کے ٹریننگ وونگ کے تعاون سے جاری کیے گے اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ و طالبات کو پاکستان کے ثقافتی رنگوں سے روشناس کرانا ہے۔ رنگا رنگ تقریب میں بچوں نے روایتی لوک موسیقی اور رقص بھی پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹیری سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ ثقافت روح کی غذا ہے اور یہ بچے خوش قسمت ہیں کہ انہیں لوک ورثہ کی کاشوں سے اپنے قومی ورثے اور روایات سے ہم آہنگ ہونے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ہزارہا سال پر محیط تاریخ پر فخر محسوس کرنا چاہیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لوک ورثہ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ ٹرک آرٹ اس وقت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی علامت بن چکا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اس فن کو اپنی نوجوان نسل میں منتقل کیا جائے تاکہ ثقافت اور روایات پر مبنی قومی ورثہ کا نسل در نسل منتقلی کا سلسلہ رکنے نہ پائے۔ انہوں نے کہا کہ اسی ضرورت کے پیش نظر لوک ورثہ نے سکولوں اور کالجز کے بچوں کے لیے اس پروگرام کا انعقاد کیا ہے جس کے لیے ٹرک آرٹ کے ماہر اساتذہ اپنی خدمات پیش کریں گے تاکہ ثقافتی رنگوں پر مبنی اس فن کو محفوظ بنایا جا سکے۔بعد ازاں بچوں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔